گج کیسری یوگ ۔ Gaja Kesari Yoga

جیوتش میں گج کیسری کی دو بنیادی صورتیں موجود ہیں۔ ایک عام اور دوسری خاص۔
عام تعریف: اگر چندر لگن (پیدائشی قمری برج) سے گننے پر مشتری کسی کیندر (خانہ 1/4/7/10) پر پڑے تو اس صورتحال کو گج کیسری یوگ کہا جاتا ہے۔
مذکورہ بالا گج کیسری کی سادہ ترین تعریف ہے اور ممکنہ طور پر چندر یوگوں  کا حصہ ہے۔ اسے "پھل دیپیکا" نامی شاستر میں کیسری یوگ بھی کہا گیا ہے۔ یہاں قمری برج کی نسبت مشتری کے کیندر میں قبضے کے علاوہ کوئی اضافی شرط نہیں۔ تاہم قمر کو "پکش بل" کا حامل یعنی روشن ہونا چاہیے۔ یہ نکتہ گج کیسری کے عام نتائج سے عیاں ہے۔ اس کے باوجود یہ کافی عام وضعِ فلکی ہے۔
وجہِ تسمیہ: سنسکرت میں "گج" کے معنی ہاتھی کے ہیں۔ جبکہ "کیسری" سے مراد شیر ہے۔ یہاں یہ الفاظ استعارتاً استعمال ہوئے ہیں۔
کلاسیکی اثرات: شاستروں میں درج گج کیسری یوگ کے سعد اثرات میں شیر کی طرح پلٹ کر مخالفین پر وار کرنا؛ محفل آرائی، جلسے میں گفتگو کا ہنر جاننا، طویل عمری، نیک نامی اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنا شامل ہیں۔
راقم کا مشاہدہ: گج کیسری یوگ کے حامل افراد اپنا درِعمل کے دکھاتے وقت کافی جذباتی ہوجاتے ہیں۔ ویسے فطری طور پر اچھی نیت رکھتے ہیں۔ لیکن اکثر بیجا امید لگائے رکھتے ہیں، یا انجان لوگوں پر بھروسہ کر لیتے ہیں۔ اخلاقی اصولوں اور قانون کی حتی المقدور پاسداری کرتے ہیں۔ تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں دوسروں کے سامنے سلیقے سے بات کرتے ہیں۔ اپنی ہمت اور حوصلے کے بل بوتے پر وقت ساتھ ترقی کرتے ہیں۔
گج کیسری کی دوسری صورت ممکنہ طور پر راج یوگوں  کا حصہ ہے۔ جسے "جاتک پریجات" نامی جیوتش شاستر میں بیان کیا گیا ہے۔ پاراشر ہورا شاستر میں بھی اسی خاص تعریف کا حوالہ موجود ہے۔ یہ صورتحال چند شرائط کے ہمراہ ہے۔
· خاص تعریف: اگر لگن یا چندر لگن (پیدائشی قمری برج) سے گننے پر مشتری کسی کیندر (خانہ 1/4/7/10) پر پڑے، اور ساتھ ہی اسے زہرہ اور عطارد بھی ناظر ہوں۔ نیز تینوں سعد سیارگان (مشتری/زہرہ/عطارد) ہبوط یا احتراق کا شکار نہ ہوں۔ اس وضع فلکی کو "گج کیسری" یوگ کہا جاتا ہے۔
یہ خاص تعریف کافی نایاب ہے۔ موجودہ دور کے ماہرین نجوم اسے زیرِ غور نہیں لاتے۔ یہ گج کیسری، دراصل "راج یوگ" کے مماثل ہے، بذریعہ راج سمبندھ (یعنی حکامِ بالا سے تعلقات، اور انکی حمایت کے باعث کرم فرمائی کا حصول)۔ دیگر نیک اثرات میں عزت، دولت، اعلیٰ علمی استعداد اور باکردار سماجی شناخت شامل ہیں۔
راقم کا مشاہدہ: گج کیسری یوگ کی کوئی بھی صورت ہو (عام تعریف اول، یا خاص تعریف دوم)؛ اگر طالع کی نسبت قمر اور مشتری، خانہ اوتاد (1۔4۔7۔10) گھروں میں ہوں، تو گج کیسری یوگ کے اچھے اثرات زندگی کے ابتدائی دور اور جوانی میں ملتے ہیں۔ اگر طالع کی نسبت قمر اور مشتری، خانہ مائل اوتاد (2۔5۔8۔11) گھروں میں ہوں، تو گج کیسری یوگ کے اچھے اثرات زندگی کی درمیانی اور ادھیڑ عمری میں ملتے ہیں۔ اگر طالع کی نسبت قمر اور مشتری، خانہ زائل اوتاد (3۔6۔9۔12) گھروں میں ہوں، تو گج کیسری یوگ کے اچھے اثرات زندگی کے آخری دور اور بڑھاپے میں ملتے ہیں۔
راقم کا مشاہدہ: اگر گج کیسری بنانے والے - قمر اور مشتری – ثابت بروج میں ہوں تو یہ دھن دولت کی جانب کشش دلاتے ہیں۔ اگر ذوجسدین بروج میں ہوں تو علم و ہنر اور نیک نامی لاتے ہیں۔ اگر منقلب بروج میں ہوں تو اشرافیہ سے شناسائی اور اچانک خوش قسمتی لاتے ہیں۔ راقم کا مشاہدہ: اگر قمر سے گننے پر مشتری چوتھے گھر میں پڑے تو قدرے عام یا پوشیدہ انداز میں اپنے اچھے نتائج لاتا ہے۔ اگر قمر سے گننے پر مشتری دسویں گھر میں قابض تو زیادہ باقوت اور معروف طریقے سے اپنے اچھے اثرات دیتا ہے۔
انڈین آسٹرالوجر بی وی رامن کا گج کیسری یوگ


نوٹ ۔ یہ مضمون کراچی کے آسٹرالوجر محمد عمران نے لکھا ہے ۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ادھی یوگ ۔ Adhi-Yoga

پری ورتن یوگ

شادی شدہ زندگی کا تعین - طلاق کے قواعد

قلب ظلمات

سوریا منگل یوگ ۔ Surya Mangla Yoga