پری ورتن یوگ

لغوی مطلب
پری ورتن سنسکرت لفظ ہے جس کا لفظی مطلب ہے ، تبادلہ ، آگے پیچھے ہونا یا جھولنا۔مڑنا یا گھومنا ، ترتیب کو الٹ دینا ۔ یعنی اس لفظ میں حرکت یا تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے ۔ پری ورتن ان معنوں میں تحرک کا اشارہ ہے کہ اس میں دو سیارگان اس طرح ایک دوسرے سے متعلق ہوتے ہیں جو دو بروج یعنی گھروں کے درمیان مضبوط تعلق ( سمبندھ)بنا کر اثرات ایک دوسرے کو منتقل کرتے ہیں ۔ انگریزی میں یہ "سائن ایکسچینج " یا " میوچل ریسیپشن"کہلاتا ہے ۔
٭متن کو سمجھنے کے لیئے ہم زائچے کے گھروں کو دو عمومی اقسام میں تقسیم کر سکتے ہیں۔
اچھے گھر:- ترکون(5،9) ، کیندر (1،4،7،10)اور غیر جانب دار گھر(2،11)
برے گھر؛- 3،6،8،12( تیسرا گھر معمولی نحس مانا جاتا ہے جبکہ بارہواں گھر سب سے زیادہ نحس۔ تیسرا گھر "اُپچے "ہے جہاں نحس سیارہ زندگی کے ابتدائی عرصے میں مشکلات دیتا ہے تاہم وقت گذرنے کے ساتھ، حامل کی گئی محنت /کوششوں کے مطابق اچھے نتائج بھی دیتا ہے)
تعریف
زائچے کے دو بروج کے حاکمان کا ایک دوسرے کے گھروں میں جا کر بیٹھنا پری ورتن یوگ کہلاتا ہے
اقسام
گھروں کی اقسام کے لحاظ سے یہ یوگ تین اقسام کا ہے
مہا پری ورتن یوگ
لفظ مہا کا مطلب بڑا یا عظیم ہے ۔ یعنی اس یوگ کے حامل افراد پر قسمت مہربان ہوتی ہے ۔
جب یوگ بنانے والے دونوں حاکمان کا تعلق کیندر،ترکون،دھن یا لابھ استھان سے ہو۔ دوسرے لفظوں میں 1،2،4،5،7،9،10 اور 11 گھر۔مثلا اگر لگن کا حاکم پانچویں میں ہو اور پانچویں کا پہلے میں ۔
کھل پری ورتن یوگ
سنسکرت لفظ کھل کا مطلب ہے ، درشت ، جھگڑالو، مکار ، شریر ، مفسد۔ یعنی یہ یوگ تکلیف کا اشارہ ہے۔
جب تیسرے گھر کا حاکم اور 1،2،4،5،7،9،10،11 کے حاکمان کا تبادلہ ہو ۔ مثلا تیسرے گھر کا حاکم دسویں گھر اور دسویں گھر کا حاکم تیسرے گھر میں۔ اس طرح آٹھ ممکنہ قسم کے کھل یوگ ہو سکتے ہیں۔
دینیہ پری ورتن یوگ
لفظ دینیہ کا مطلب ہے ، مصیبت؛ آفت؛ بپتا؛اذیت؛ اذیت پانے کی کیفیت؛ جسم اور دماغ کے شدید درد یا بے چینی کی حالت یا اس کا سبب؛ بلا؛ دکھ۔ یعنی یہ یوگ دکھ اور بد قسمتی کا اشارہ ہے
جب یوگ بنانے والے سیاروں میں کوئی ایک دشتنا (6،8،12) کا حاکم ہو اوردوسرا 1،2،3،4،5،7،9،10،11 میں سے کسی کا حاکم ہو ۔مثلا چھٹے گھر کا حاکم گیارہویں میں اور گیارہویں کا چھٹے میں ۔ یا آٹھویں کا دسویں میں اور دسویں کا آٹھویں میں ۔ اس طرح کُل 30 ممکنہ دینیہ یوگ ہو سکتے ہیں ۔ ان 30 میں سے دشتنا کے حاکمان سے بننے والے 6 قسم کے وپریت راج یوگ کو نکال دیا جائے تو باقی 24 قسم کے دینیہ یوگ بچتے ہیں۔
عمومی نتائج
مندرجہ بالا تین اقسام کے یوگ کے عمومی نتائج ذیل ہیں
مہا پری ورتن یوگ میں پیدا ہونے والے لوگوں پر  قدرت کا اکرام ہوتا ہے اور انہیں قیمتی اور خوبصورت پوشاک اور آرائشی اشیاء حاصل رہتی ہیں ۔سرکار دربار میں انہیں رسائی ، رسوخ اور مرتبہ حاصل ہوتا ہے اور شاہ کی نظر میں پسندیدہ ہوتے ہیں ۔ اولاد نرینہ مرحمت ہوتی ہے اور اپنی دولت سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ (پھل دیپیکا)
کھل یوگ میں پیدا ہونے والے لوگ متلون مزاج اور بعض اوقات متکبر اور گھمنڈی  اور بعض اوقات شیریں کلام ہوتے ہیں۔ زندگی کے بعض ادوار میں انہیں وسعت اور کشادگی حاصل ہوتی ہے اور بعض اوقات تنگ دستی، غم ،مصیبت اور عسرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ( پھل دیپیکا)
دینیہ یوگ میں پیدا ہونے والے افراد بے عقل ، عیب جو ، اور گناہ کے کام میں ملوث ہوتے ہیں ۔ اپنے دشمنوں سے تکلیف پاتے ہیں اور ترش کلام ہوتے ہیں ، دماغ اور سوچ کے توازن سے محروم ہوتے ہیں ۔ انہیں اپنے ہر کام میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے(پھل دیپیکا)
مخصوص نتائج
اگر دو سیارگان مثلا الف اور ب پری ورتن میں ہیں تو سیارہ الف کی دشا میں سیارہ ب کے گھر کے نتائج ملیں گے اسی طرح دوسرا سیارہ بالعکس۔
وضاحت
پری ورتن دو گھروں کے سیارگان کے درمیان سب سے مضبوط تعلق ہے ۔ پنج سمبندھ کلاسیفیکیشن میں پری ورتن کو کشیتر سمبندھ کہا جاتا ہے اور اسے پورے 60 وروپ کی طاقت دی جاتی ہے۔ اگردونوں سیارگان سعد گھروں کے مالک ہوں تو سعد نتائج دیتے ہیں ۔ ایک برے(6،8،12) اور ایک اچھے گھر کا مالک ہو تو برے نتائج ملتے ہیں ۔راشی چارٹ کی طرح پری ورتن ورگا چارٹ (ڈیویژنل چارٹس) میں بھی بنتا ہے لیکن یہ پری ورتین اسی چارٹ میں ہونا چاہئیے۔ کچھ ایسے مکتب فکر بھی ہیں جن کا خیال ہے کہ پری ورتن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب سیارگان ایک دوسرے کی نچھتر میں قابض ہوں لیکن کلاسیکی کتب میں اس خیال کا کوئی ذکر نہیں ملتا ۔
ایک اہم نکتہ
چندر اور سوریا کے علاوہ بقیہ سیارگان(عطارد ،زہرہ،مریخ ، مشتری اور زحل) دو گھروں کے مالک ہوتے ہیں ۔ اگر دو اچھے یا برے بروج کے درمیان پری ورتن ہو تو یوگ میں شامل دونوں سیارگان اپنی حاکمیت کے دوسرے بروج کے نتائج نہیں دیتے۔
مثال نمبر ایک
یہ زائچہ مشہور  امریکی شاعرہ، ناول نگار اور افسانہ نگار سلویا پلاتھ کا ہے ۔ لگن دلو ہے ۔ نویں گھر کا مالک شکر آٹھویں گھر میں ہے اور آٹھویں گھر کا مالک بدھ نویں گھر میں ہے  اس طرح دونوں سیارگان دینیہ یوگ بنا رہے ہیں ۔ جس کا مطلب ہے کہ دونوں سیارگان یعنی شکر اور بدھ کی دشا میں برے نتائج کا سامنا ہو گا ۔ سلویا کا لگن کا حاکم شنی بارہویں میں ہے ۔24 اگست 1953 صبح نو بج کر 17 منٹ پر( ایسٹرن سٹنڈرڈ ٹائم ) بمقام ویلزلے ، میسا چیوسٹس سلویا نے 48 خواب آور گولیاں کھا
کر خود کشی کی کوشش کی ( اس وقت راہو شنی کی دشا ختم ہونے میں دو ہفتے باقی تھے اور راہوبدھ کی دشا شروع ہونے والی تھی۔اسپتال لے جا کر ان کا معدہ صاف کیا گیا اور اس کے بعد وہ نفسیاتی عارضوں کے اسپتال میں 6 ماہ تک داخل رہیں ( راہو بدھ دشا) جہاں بجلی کے جھٹکوں سے ان کا علاج کیا گیا ۔ اس واقعے کے بعد سلویا کے دماغ میں اس مرض کے دوبارہ عود آنے کا خوف بیٹھ گیا۔
مثال نمبر دو
یہ زائچہ مشہور ہالی وڈ اداکارہ جولیا رابرٹس کا ہے  جس کے چوتھے گھر کا حاکم شکر دوسرے گھر میں ہے اور دوسرے گھر کا حاکم
سوریا چوتھے گھر میں ہے یوں  ایک سعد مہا پری ورتن یوگ بن رہا ہے۔ جولیا نے پردہ سکرین پر اداکاری کا آغازسال 1986،شکر کی مہا دشا میں کیا اور آئندہ سوریا کی مہا دشا میں تمام تر  فلمی کامیابیاں سمیٹیں جس میں اکیڈمی ایوارڈ، برٹش فلم
اکیڈمی ایوارڈ ، گولڈن گلوب ایوارڈ شامل ہیں۔
مثال نمبر تین
یہ چارٹ ایک امریکی سیریل کلر نرس کا ہے جسے اس کے پے در پے قتل کی وجہ سے ڈیتھ اینجل کا خطاب دیا گیا ۔ زائچے میں
چھٹے کا حاکم شکر پانچویں گھر میں ہے اور پانچویں کا حاکم بدھ چھٹے گھر میں ہو کر دینیہ یوگ بنا رہے ہیں ۔ اسے اس کے جرائم کی بنا پر عدالت سے چھبیس مارچ 2001 کو  چار بار عمر قید کی سزا سنائی جبکہ اس میں مزید 20 برس بھی شامل کیے گئے۔ وہ اس وقت ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں جہاں سے ان کے جیتے جی نکلنے کا کوئی امکان نہیں۔ جب سزا سنائی گئی اس وقت شکر کی مہا دشا اور بدھ کی انتر دشا چل رہی تھی۔
٭ اس مضمون کی تیاری میں دوسرے مختلف مضامین کے علاوہ کراچی کے آسٹرالوجر محمدعمران کے انگریزی بلاگ پر شائع ہونے والے مضمون سے مدد لی گئی ہے٭

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ادھی یوگ ۔ Adhi-Yoga

شادی شدہ زندگی کا تعین - طلاق کے قواعد

قلب ظلمات

سوریا منگل یوگ ۔ Surya Mangla Yoga