قلب ظلمات

ہم میں سے زیادہ تر قتل عام ، سیریل کلنگز ، اور مافیا سٹائل زندگی ختم کر دینےجیسے قبیح اور ناقابل معافی جرائم کی خبر سن کر اسے بُرا جانتے ہیں اور تاسف کا اظہار کرتے ہیں تاہم اتنی ہی دلچسپی سے ان خبروں کو دیکھتے بھی ہیں ایسے ہی جیسے نیٹ فلکس پراوریجنل کرائم ویب سیریز ڈھونڈھ کر دیکھتے ہیں ۔
نجومِ قتل ایک دلچسپ اور وسیع موضوع ہے تاہم اس مضمون میں صرف بدنام زمانہ سیریل کلرز کے خاکے پیش کیئے جائیں گے ۔
اگر ہمارا یہ یقین ہو کہ زائچہ ہمارے مستقبل کا تعین نہیں کرتا تو پھر کوئی زائچہ یقینی طور پر یہ نہیں بتا سکے گا کہ کوئی شخص آگے چل کر قاتل بنے گا ۔ زائچہ ہم میں سے سے ہر ایک کے اندر مخفی ترتیبات اور توانائیوں کا مثالیہ ہے جو ہم مہد سے لے کر لحد تک کا فاصلہ طے کرنے میں استعمال کر سکتے ہیں ۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئیے کہ بہت سے دوسرے غیر تنجیمی عوامل فرد کی ابتدائی ، سماجی شخصیت اور طرز زندگی کے متشکل ہونے میں کارفرما ہوتے ہیں ۔ قتل وہ عمل ہے جو زائچے میں دکھنے کی حد سے پرے ہے ۔
قتل کا عمل بذات خود کئی بنیادی وجوہات ، تحریکات اور طرائق کی وسیع طیف رکھتا ہے ۔ یہ کہا جاتا ہے کہ ان وجوہات کا سراغ لگانا جو کوئی قاتل پیدا کرتی ہیں اتنا ہی مشکل ہے جتنا کسی روبیک کیوب(مکعب ٹکڑوں پر مشتمل ایک کھلونا پہیلی) کو حل کرنا ۔ کئی سیرئل کلرز ایسے تھے جن کا بچپن میں استحصال ہوا یا انہیں نظر انداز کیا گیا جبکہ کئی کا نہیں ہوا ۔ کئی چھوٹی عمر سے مشترکہ رحجانات کا مظاہرہ کرتے ہیں ( جیسے جانوروں کے ساتھ ظلم و ستم یا آگ لگانا ) جبکہ کچھ سوسائٹی میں مس فٹ معلوم ہوتے ہیں اور کچھ سماج کا بہت سرگرم حصہ ہوتے ہیں ۔ کچھ حرص یا انتقام کی وجہ سے قتل کرتے ہیں اور کچھ اپنی ذہنی یا جسمانی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیئے ایسا کرتے ہیں ۔ کچھ اضطراری یا عادی فطرت کے مالک ہوتے جو وجہ قتل بنتی ہے جس سے انہیں مقصد حیات اور تشخص (سورج) کا احساس ہے جو پہلے عنقا تھا ۔
انیس سو بائیس میں شائع ہونے والے انسائیکلو پیڈیا آف سیرئیل کلرز میں قاتلین کو تین صیغوں میں بانٹا گیا ہے ۔
مثالیت پسند ۔تخیل پرست جو اپنے آپ کو کسی غیر مرئی طاقت کے زیر اثر یا خیالی آوازوں پہ لبیک کہتے ہوئے قتل کرتا ہے ۔
مشنری ۔ وہ جو اپنے تئیں کسی ایک مقصد (سنگل ایشو)کے تحت معاشرے کے کچھ خاص قسم کے افراد کو گندگی جان کر صفائی کی خاطر قتل کرتے ہیں ۔
نشاط پرست
ہوس پرست۔ وہ جو ہوس کی بھوک مٹانے کی خاطر ایسا کرتے ہیں :۔
نشاطی قاتل ۔وہ جو قتل کرنے کے نتیجے میں اپنے جسم کے اندر کیف و سرور کی لہریں دوڑتی محسوس کرتے ہیں ۔
مفاداتی قاتل ۔جو پیسے کے حصول کی خاطر ایسا کرتے ہیں ۔
اقتدار پسند ۔ جو اپنے شکار کی بے بسی اور اس پر اپنی طاقت کے اظہار سے لطف اندو ہوتے ہیں ۔
زائچہ ایڈورڈ گین
اب تک کی تحریر سے ہمارے اندر نجوم کے انٹینا قاتلوں کے صیغوں سے متعلق کچھ سیارگان کو مجرم گردان رہے ہوں گے ۔ لیکن جب ہم چند سیریل کلرز کے چارٹس پر نظر ڈالیں گے تو اس بات کا امکان موجود ہے کہ کہ ہم چند سیارگان کی نشست کو مجرم گرداننے کے پھندے میں پھنس جائیں ۔ زیادہ تر یہ الزام پلوٹو پہ دھرا جاتا ہے تو بعض اوقات مریخ ملزموں کے کٹہرے میں کھڑا پایا جاتا ہے ۔مثلا چاند کے مقابل پلوٹو طالع پر موجود( بدنام زمانہ سیریل کلر ایڈورڈ گِین کا چارٹ دیکھیں) ۔ یا آٹھویں گھر سورج اور عطارد جو پلوٹو کو تربیع کر رہے ہوں (جیسا کہ جیفری دہمر کے چارٹ میں)۔ تاہم ہم جانتے ہیں کہ کئی اور افراد سیارگان کی ان نشست کے ساتھ کسی قتل میں ملوث ہوئے بغیر زندگی گذارتے ہیں۔ وہ لوگ جن کا استحصال ہوا ، محبوس ہوئے یا انہیں غلط سمجھا گیا شاید وہ اپنے زائچے کے سیارگان کی نشست (اپنی اساسی توانائیوں)کے مطابق عمل کرتے ہوئے وہ کام کریں جو اسی نشست کے حامل دوسرے افراد کبھی نہ کریں۔ نکتہ یہاں یہ ہے کہ نازک لمحات میں سیریل کلرز ایک مختلف رستے کا انتخاب کرتا ہے جو اکثر دوسرے نہیں کرتے ۔
آئیے چند مشاہدات پہ نظر ڈالتے ہیں جس میں طاقتور ذوجسدیت ، زائچے کے کچھ خاص درجات اور سیریل کلرز کی مختلف اقسام کے لحاظ سے مجرم سیارگان شامل ہیں ۔
ذوجسدیت
میری ڈیٹا کلکٹر پال ڈانا ہالیڈے جسے زائچے جمع کرنے کا شوق تھا اس نے اپنی وصیت میں کئی قاتلوں کے زائچے اور نوٹس میرے لیئے چھوڑے اور بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر چارٹس میں ذوجسدیت غالب ہے (سورج ، چاند اور طالع کی نشست ، اور خصوصا جوزا اور قوس بروج ) ۔ ڈانا کے وثوق نے مجھے ذوجسدین بروج کی نفسیات کے بارے میں مزید سوچنے پہ مجبور کیا ۔مطابقت پذیری اور لچکدار طبع کے علاوہ ان میں مسائل کو سلجھانے کے بے شمارہنر بھی ہوتے ہیں خصوصا زندگی کی رکاوٹوں کو چکر لگا پار کرنے ، متحرک رہنے اور ہر وقت کسی نہ کسی کام میں مصروف رہنے کی خواہش ہوتی ہے ۔ میں نے ذوجسدیت اور مسئلہ تکرار(بار بار کسی کام یا ماضی کے واقعے کو دہرانا) کے ساتھ ساتھ ذمہ داری ، وعدے اور الزام سے احتراز(بچاو) کے درمیان تعلق کو پایا ہے ۔
سیریل کلر وہ ہوتا ہے جو لمحاتی اشتعال یا پاگل پن میں آ کر کسی کو قتل کرنے والے لوگوں کی صف میں نہیں آتا ۔ بلکہ وہ قتل کرتے ہیں ، پکڑے جانے سے چھپتے ہیں اور دوبارہ پھر سے کسی نئے شکار کے ساتھ وہی کام کرتے ہیں جو پرانے مقتول سے کسی طرح کی مماثلت رکھتا ہے (مصنف نےمماثلت کا انگریزی لفظ کامن استعمال کیا ہے اور دوجسدین بروج کو انگریزی میں کامن سائنز بھی کہتے ہیں) ۔ ان کا عمومی طور کوئی مخصوص طریق کار ہوتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ کیوں اور کیسے قتل کرتے ہیں اور کس قسم کے شکار میں دلچسپی لیتے ہیں۔ پہلے قتل کے بعد قاتل کا پولیس کے ساتھ چوہے اور بلی کا کھیل شروع ہو جاتا ہے (جس میں ذوجسدین بروج ماہر ہوتے ہیں)۔ ایک سیرئل کلر ذوجسدین بروج کے مزاج کا انتہائی منفی اور مسخ مزاج کا مظہر ہے ۔
ہمیں معلوم ہے کہ اسی فیصد سیریل کلر چالیس سال سے کم عمر سفید فام مرد ہوتے ہیں جن کا شکار سفید فام عورتیں ہوتی ہیں ۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان کا آئی کیو لیول ہائی ہوتا ہے جس کااظہار ان میں مکار موقع پرستی اور ڈھٹائی کی حد کے ساتھ چترائی میں ہوتا ہے ۔ یہاں ہمیں ذوجسدین کے کچھ منفی خواص نظر آتے ہیں جس میں مرکری(عطارد) کا کردار نظر آتا ہے ۔ اس کے علاوہ قاتل کا مرکری عموما کسی ایک علوی سیارے (آوٹر پلانٹ) کے ساتھ قران یا میجر ہارڈ اسپیٹکس (مکمل نحس نظرات) بناتا نظر آتا ہے ۔
سیریل کلر کی اصطلاح کا فروغ ستر کی دہائی میں میڈیا کے ذریعے نمایاں ہونے والی قتل عام کی وارداتیں کرنے والے جان وائین گیسی اور ٹیڈ بنڈی کی وجہ سے ہوا ۔ گیسی کے چارٹ میں ذوجسدین عنصر غالب ہے ( کُل چھ سیارے بشمول سورج ، چاند ، اور چاروں نقاط اوتاد) اور بُنڈی کے چارٹ میں چار سیارے ( بشمول چاند اور سورج) ذوجسدین بروج میں تھے ۔
درجات (ڈگریز)
کچھ بروجی درجات بڑے تواتر سے نظر آتے ہیں ۔ برج جدی اور سرطان کے 20 سے 23 ڈگری تک کا ذکر مشہور آسٹرالوجر ڈینس ایلویل نے اپنی کتاب "کاسمک لوم " میں سادیت پسندی کے محور کے طور پر کیا ہے ۔مشہور قاتلین پیٹر کرٹن ، پیٹ سوتلیف ، ڈینس نیلسن ، ہیرالڈ شپ مین حتی کہ مارکوئیس ڈے سادے (فرانسیسی لکھاری جس نے اگرچہ قتل تو نہیں کیا تھا لیکن سادیت کی اصطلاح اور رویوں کو اپنی تحریریوں میں فروغ دیا تھا۔ مترجم) کے چارٹ میں بھی اہم سیارگان ان درجات پر تھے ۔
میری اپنی تحقیق کے مطابق 19 ڈگری میزان اور 19 ڈگری حمل ان افراد کے چارٹ میں نمایاں تھیں جو یا قتل کے لیئے مشہور ہوئے یا سیریل کلرز کو پسند کرتے تھے ۔ ڈانا ہالیڈے فرضی قلمی نام سے پیدائشی تفصیلات حاصل کرنے کے لیئے سیریل کلرز کو جیل میں خط بھیجا کرتی تھی اس کا سورج چارٹ میں 19 ڈگری میزان میں تھا ۔
دوزخ کی آنچ
اگرچہ میڈیا کا سیریل مرڈر سے مہیب لگاو 1970 کی دہائی میں امریکہ میں فروغ پایا لیکن یہ ملکہ وکٹوریہ کے عہد میں لندن میں ہونے والے پراسرار قتال کا سلسلہ تھا جن سے عوامی خوف و تحیر کی لہر پیدا ہوئی جو آج تک برقرار ہے ۔ 31 اگست 1888 صبح 3 بج کر 40 منٹ پر ایک خاتون میری این نکولس کی لاش اس کے قتل کے ایک گھنٹے بعد دریافت ہوئی ( دیکھئے لف تصویری ایونٹ چارٹ دی فرسٹ رپر)۔
میری نکولس لاش ایونٹ
یہ مشہور قاتل جیک دی رپر کا پہلا قتل تھا ۔ اس وقت آسمان پر چھے سیارگان ذوجسدین بروج میں تھے جبکہ مریخ مشتری (جیوپیٹر) کے ساتھ برج عقرب میں قران تھا اور اسی مہینے کے شروع میں سورج گرہن کے لندن چارٹ میں مشتری عاشر پر برج عقرب میں تھا ۔ اگلے کئی مہینوں جب قتل کی ورداتوں اور میڈیا اضطرب میں اضافہ ہوا مشتری ، پلوٹو نیپچون قران کی انصرافی نظر کے مقابل میڈیا کے برج جوزا میں تھا جو روایتی طور پر لندن شہر کا برج بھی ہے ۔ عقب بینی سے دیکھا جائے تو یہ نشست سیارگان اور جیک رپر کے قتل ، وہ شگون بد تھے جو بیسویں صدی کی جرائم ،نگرانی ، تفتیش اور نفسیات سے سحر انگیز لگاو کی علامت تھے( اسی وقت شرلاک ہومز کی پہلی کہانی بھی چھپی تھی)۔
اقسام سیارگان اور خطاکار
اگرچہ میں اس بات پہ یقین نہیں رکھتا کہ زائچہ پیدائش سے تقصیر (گلٹ) یا مجرمانہ اوصاف کی ترتیبات مسلسل کو دیکھا جا سکتا ہے تاہم زائچہ کسی قتل کے لیئے ترغیب اور طریق کا اچھا عکاس ہے ۔ اس لیئے تنجیمی اعتبار سے تقریبا ہر قسم سیارگان ( مثلا مشتری ٹائپ یا یورینس ٹائپ) سیریل کلنگ کے عمل میں ماخوذ ہیں ۔ آئیے ان اقسام کو ایک ایک سیارہ کر کے دیکھتے ہیں ۔
چاند اور زہرہ
زائچہ ٹیڈ بُنڈی
کئی قاتل اپنے والد کے ساتھ کمزور تعلق اوروالدہ کے ساتھ غالب و تباہ کن استوار تعلق کے ساتھ پرورش پائے ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ عجب نہیں لگتا کہ ان کے چارٹس میں مریخ ، زحل ، یورینس اور پلوٹو کی نحس نظرات چاند اور زہرہ پہ پائے گئے ( دونوں سیارگان ماں اور عورتوں کی عمومی علامات ہیں) ۔ پیچھے امریکی قاتل ٹیڈ بُنڈی کی متذکرہ مثال ، جس نے کئی عورتوں کو دلفریب جھانسا دے کر قتل کیا اس مفروضے کی تائید کرتا ہے ۔ اس کے چارٹ میں مریخ-چاند یورینس کے مقابل اور اور زہرہ عقرب میں پلوٹو کے ساتھ تربیع میں ہے ۔ ٹیڈ بنڈی اس گمان کے ساتھ جوان ہوا کہ اس کی حقیقی ماں اس کی ہمشیرہ ہے جو کہ اس کے خاندان کی طرف سے عمدگی سے گھڑا گیاجھوٹ تھا تاکہ ٹیڈ کی ناجائز پیدائش اور والد کی شناخت کو چھپایا جا سکے ۔جب اُسے حقیقت کا پتہ چلا تو اس نے بہت زیادہ ہتک محسوس کی ۔ بُنڈی کے دماغ میں اپنی ماں کے انتخاب کے بارے میں بہت زیادہ نفرت بھری تھی اور اُس کے زیادہ تر مقتولین کی شباہت اس کی ماں سے ملتی تھی ۔
زائچہ جان وائن گیسی
لیکن جان وائن گیسی جس نے جوان لڑکوں اور مردوں کو ترغیب دے کر قتل کیا اس کے چارٹ میں یہ علوی سیارگان چاند اور زہرہ سے متعلق نہیں تھے ۔ اس کے جرائم کا منبع ابتدائے زندگی میں نیپچونی تجربہ تھا ۔ اس کا والد عادی شرابی ،اس کی والدہ پہ ظلم کرتا تھا اور خاندان کو بھی ہراساں کرتا تھا ۔ گیسی کے چارٹ میں نیپچون، چاند جو کہ برج حوت میں ہے کے مقابل ہے اور زہرہ سے نیم تربیع میں ہے ۔چاند-نیپچون یا پھر سنبلہ-حوت چاند ان افراد میں مشترک ہے جن میں بچپن سے نوجوانی تک کے عرصے تک استحصال کا نشانہ بننے کا احساس پایا جائے ۔ہم ہمیشہ اس بات کی توثیق نہیں کر سکتے کہ ماں کے ساتھ مشکل رشتہ کس حد تک اس کا ذمہ دار ہے تاہم طریق قتل میں اس بات کے اشارے ضرور ملتے ہیں ۔
 سادیت پسند اور اپنے مقتولین کے دھڑ کاٹ دینے والے امریکی قاتل رچرڈ کوٹنگھم ( جس پہ نیٹ فلکس کی ڈاکومنٹری "دی ٹائم سکوائر کلر "بھی بن چکی ہے ) جو ٹیڈ بُنڈی کی پیدائش کے ایک دن بعد پیدا
زائچہ رچرڈ کوٹنگھم

ہوا ، نے 80 سے زیادہ خواتین ( جن میں سے زیادہ تر سیکس ورکر تھیں) پہ تشدد کا اعتراف کیا اور اکثر ان کے پستان کاٹ دیتا تھا ۔ اس کے چارٹ میں چاند(پستان) یورینس (قطع) کے مقابل ہے اور زہرہ برج عقرب میں پلوٹو سے تربیع میں ہے ( سیریل کلرز کے چارٹ میں پائی جانے والی عمومی نظر)۔
پلوٹو
میری تحقیق کے مطابق پلوٹو ٹائپ قتل میں عموما قربانی کی رسوم یا تشدد پایا جاتا ہے ۔ پلوٹو اور عقرب قاتلین میں نمایاں ہے اور ان کی پسند انتہائی اور رویہ بے رحمانہ ہوتا ہے ۔غالب ، تحکم پسند اور چاتر ، یہ وہ سیریل کلرز ہیں جو دوسروں پہ اپنا حکم اور طاقت استعمال کرتے ہیں (کلٹ لیڈرز کو اس صف میں شمار کیا جا سکتا ہے) اور مخفی و سری رسوم میں بھی درک رکھتے ہیں جیسے منتر پھونکنا اور کالا جادو(خصوصا جو افریقی قبائل میں رائج ہے)۔
پلوٹو قاتل کے دل میں کوئی نرمی نہیں ہوتی۔ دہشت پھیلانے اور بدلہ لینے کے جرائم ( جیسے برطانوی جڑواں گینگسٹر بھائیوں جنہیں کرے ٹوئن کے نام سے جانا جاتا تھا، جن کا سورج 0 درجے عقرب میں پلوٹو سے تربیع میں تھا )، مافیا سٹائل قتل ، سٹالکنگ (چھپ کر پیچھا کرنا) ، سادیت پسندی ، لاشوں کی بے حرمتی( نیکروفیلیا)، تشدد، گلا گھونٹنا ، اعضا مسخ کرنا اور ٹکڑے ٹکڑے کرنا ، سدومیت ، بے توقیری اور کچا چبا جانا تمام تر پلوٹو اور عقرب کی ذیل میں آتے ہیں ۔
زائچہ مارک دوٹرکس
مارک ڈوٹروکس جو پلوٹو عاشر پہ اور سورج عطارد طالع پہ لے کر پیدا ہوا ، اس کے خوفناک اور ناقابل بیاں جرائم بیلجئم میں کبھی بھلائے نہیں جا سکتے ۔ وہ پہلے اغوا کر کے بچوں کی عصمت دری کرتا تھا اور پھر انہیں اپنے تہ خانے میں بھوکا مارتا تھا ۔چارٹ میں لکی ٹرائن موجود ہے جو ذوجسدین سیارگان ( چاند برج قوس میں عاشر کے ساتھ تثلیث اور مریخ برج حوت میں طالع کے ساتھ تثلیث) بنا رہے ہیں ۔ اگرچہ اسے گرفتار کر کے عصمت دری کے جرم میں جیل بھیجا گیا تاہم اس سے پہلے تفتیش کاروں کی غفلت اور ناتجربہ کاری کی بنا پر اس کا جرم برسوں منظر عام پر نہیں آیا ۔
ماریہ ہنڈلی کا سورج برج سرطان کے آخری درجات پہ تھا ، برج اسد میں موجود پلوٹوسے قران تھا ۔ اسے اخبارات نے نسوانی بدی کے نمونے کے طور پر پیش کیا اور شاید ہمیشہ پیش کیا جاتا رہے گا
۔ اس نے اپنے محبوب بریڈلے کے ساتھ مل کر دو سال کے عرصے میں یکے بعد دیگرے پانچ بچوں کو اغوا کر کے ان پر تشدد کرنے کے بعد قتل کر دیا ۔
زائچہ ماریہ ہنڈلی

ان دونوں کا ازدواجی چارٹ(سنستری)بہت کچھ عیاں کرتا ہے ۔ ہنڈلی کا سورج بریڈلے کے سورج کے ساتھ 29 ڈگری سرطان پہ قران ہے ۔اس کا مشتری بریڈلے کے جدی میں سورج کے مقابل ہے (ایک طاقتور فرد کی نشاندہی)، جبکہ بریڈلے کا مشتری عاشر پہ ہے اور ہنڈلی کے سورج کے مقابل ہے ۔ مشتری کے درمیان نظرات معنی خیز ہیں کیونکہ دونوں اپنے آپ کو ناقابل تسخیر سمجھتے تھے اور اپنے جرائم کا بیان فخر سے کرتے تھے ۔
مشتری
مشتری ٹائپ کے قاتل عموما وجیہہ ، لذت پرست ، خطرہ مول لینے والے ، شیخی خورے اور توجہ کے طالب ہوتے ہیں جو اپنی عقل اور ذات کو بہت اہم سمجھتے ہیں ۔ زیادہ تر کو حرص ، قوت واقتدار اور پکڑنے جانے پہ متوقع شہرت جرم کی تحریک دیتی ہے اور جو تاریخ میں جرائم کے ذہین ماسٹر مائنڈ کے طور پر یاد رکھے جاتے ہیں ( ایک دفعہ پھر ٹیڈ بُنڈی اپنے مضبوط مشتری چارٹ کے ساتھ ذہن میں ابھرتا ہے) یا پھر اپنے مقتولین کی زیادہ تعداد کی وجہ سے نمایاں ہو جاتے ہیں ۔ بعض اوقات جرم کا اخلاقی جواز یا پھر اندھا عقیدہ (خصوصا اگر نیپچون بھی شامل ہو ) اور یا پھر کوئی کروسیڈ(مذہبی جنگ) تحریک جو انہیں کسی دیوتا کا سا رویہ اختیار کرنے پر اکساتا ہے ۔قتل کے ساتھ مشتری ٹائپ اعتماد کا کھیل اور بڑی چوری بھی شامل ہو سکتی ہے ۔
کچھ قاتل ایسے بھی ہیں جو سماج میں اچھی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ( یا پھر اعلی مقام جو انہیں محفوظ مقامات تک رسائی دیتا ہے) اور جو اپنے مقتول کے بھروسے اور عزت کا فائدہ اٹھاتے ہیں ( مشتری)۔
شاید سب سے حرص اور بے وفائی کا ظالمانہ قصہ ایک عطائی ڈاکٹر مارسے پیٹیوٹ کا ہے جس نے
مارسے پیٹیوٹ
دوسری جنگ عظیم کے دوران یہودیوں ( اور کچھ دوسری قومیت کےلوگوں) کو جرمنوں کے زیر اثر علاقے سے نکال کر دوسرے ممالک بھیجنے کے عوض فی کس پچیس ہزار فرانک لیئے اور آزادی دلانے کی بجائے انہیں سائنائیڈ کا انجکشن دے کر اپنے تہ خانے میں موت کی نیند سلا دیا ۔ پیٹیوٹ کا مشتری عاشر پہ سنبلہ (بھلائی کاکام کرنے کی شہرت رکھنے ولا عزت دار آدمی)میں ہے جو وتدالقدم پہ برج حوت میں موجود زہرہ (آزادی/ریسکیو دلانے کا جھوٹا بہانہ)کے مقابل ہے۔ اس کے علاوہ اس کے ٹی اسکوائر کی چوٹی(ایپکس) مریخ پلوٹو نیپچون کو بھی نوٹ کریں جو دوجسدین برج جوزا میں ساتویں گھر میں ہے ۔
بہت سے مشتری ٹائپ خوش قسمتی ، پولیس کی لغزش یا کوتاہی سے سرکار کے ہاتھوں آنے سے پہلے فرار بھی ہو گئے اور اس وقت تک نہیں پکڑے گئے جب تک کہ مشتری نے ان کا ساتھ نہیں چھوڑا ( وہی مشتریانہ خواص جو عام طور پر اپنے آپ کو بہت چالاک، قانون سے بالا ، یا جلد بازی میں
زائچہ ڈیوڈ برکووٹز
غلطی کرنا یا پھر اپنی خوش قسمتی پہ حد سے زیادہ بھروسہ کرنا یا اندازے کی غلطی کی وجہ سے)۔ اسی طرح کا ایک امریکی سیریل کلر ڈیوڈ برکووٹز تھا جو پولیس کو طنز بھرے خطوط لکھا کرتا تھا اور جب وہ پکڑا گیا تو اپنی اس منفی شہرت پہ نازاں تھا ۔ اس کے زائچے میں سورج برج جوزا میں مشتری سے قران اور دلو میں موجود چاند سے تثلیث میں اور اور برج اسد عاشر سے تسدیس میں تھا ۔
اپنی عمر کی تیسری دہائی میں ایک دفعہ مقدمے کی سماعت میں ایک جیوری کا ممبر تھا جو ایک ٹیکسی ڈرائیور کا مقدمہ سن رہی تھی جس پہ الزام تھا کہ وہ ممنوعہ اشیاء لے جا رہا تھا ۔ مقدمے کے دوران ڈرائیور نے اس بات سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔ پولیس کے کمزور مقدمے نے اس شبہ کو تقویت دی اگرچہ ہم جیوری کا خیال تھا کہ ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کیا لیکن بلآخر اسے بے گناہ قرار دے دیا گیا ۔ کورٹ سے نکلتے ہوئے میری نظر اس کی پیدائشی تفصیلات پہ پڑیں اس کے پیدائشی خوش قسمت زائچے میں مشتری سورج سے قوس میں قران تھا۔
مریخ
مریخ اور قتل کا تعلق اتنا ہی سیدھا سادھا ہے جتنا کہ مریخ سیارہ بذات خود ۔ 65 فیصد جرائم یا تو کسی لمحاتی غضب کا نتیجہ ہوتے ہیں یا پریشر ککر کی طرح پھٹنے والی بھاپ کا سا غصہ جوفرد کے اندر گھریلو ناچاقیوں یا روزانہ کے کام کاج کے دوران پڑنے والے دباو کا نتیجہ ہوتی ہیں ۔( اگرچہ سیریل کلرز کے اندر عام طور پر اس طرح کے مہیج(ٹرگر) نہیں کام کرتے)۔چاقو زنی ، دھماکے ، پستول بازی ، آگ لگانا، عصمت دری اور دوسرے جسمانی جرائم مریخ کے کھاتے میں جاتے ہیں جو جنسی خواہش ، غصہ اور جارحیت کا سیارہ ہے ۔
نیپچون
نیپچون ان سیریل کلرز اور دہشت گردوں کے چارٹ میں نمایاں ہوتا ہے جو جو کسی مقصد ، نصب العین یا کسی ازم سے وابستہ ہوتے ہیں ۔ان میں حقیت سے دوری یا الہامی آوازوں کے جواب میں جو انہیں دنیا کو کسی خاص قسم کے افراد سے پاک کرنے کا اشارہ کرتی ہیں موجود ہوتی ہے ۔ ان میں سے کچھ تو گرگٹ کی طرح بھیس بدلنے میں ماہر ہوتے ہیں یا پھر اس طرح عام افراد میں گھل مل جاتے ہیں کہ پولیس کی نظر سے بچ نکلتے ہیں ۔
نیپچونی قاتل ان افراد کو قتل کرتے ہیں جو اُن کی نظر میں خستہ یا مرے مٹے یا خانہ بدوش یا جو سماج کے دھتکارے قسم کے ہوتے ہیں ۔ یہ قاتل زہر ، گیس کا استعمال کرتے ہوئے یہ بہانہ بناتے ہیں کہ وہ مقتولین کو دنیا کے دکھوں سے نجات دلا رہے ہیں حالانکہ اس طرح وہ اپنے ماضی کا انتقام ان معصوم لوگوں سے لے رہے ہوتے ہیں ۔
نیپچون ان لوگوں کے چارٹ میں بھی نمایاں ہوتا ہے جن پہ جھوٹا الزام دھرا جاتا ہے یا بے گناہ ماردیا جاتا ہے مثلا ڈیرک بنٹلے (جس کا طالع حوت اور اور نیپچون نقطہ غارب سے قران ہے) یا پھر قربانی کے بکرے (چغد آدمی) مثلا لی ہاروے آسوالڈ ( جس کے برج حوت نقطہ عاشر سے نیپچون مقابل ہے) جسے جان ایف کینیڈی کے قتل میں واحد مجرم کے طور پر نامزد کیا گیا ۔
عام طور سیریل کلر کی گرفتاری سے قبل تک اس کی شناخت کے بارے میں اخباری قیاس آرائیوں کا ایک طوفان برپا رہتا ہے ۔ پیٹ سیٹکلیف کے زائچے میں نیپچون عاشر پہ ہے اور گرفتاری سے قبل تک عوام الناس کو اس نے اپنی وارداتوں سے خوفزدہ کئے رکھا جنہوں نے اس کا نام " یارک شائر رپر" رکھا ۔ سیٹکلف کے مطابق اس کے سر میں آوازیں گونجتی ہیں کہ دنیا کو سیکس ورکرز سے پاک کر دو ۔
ضمنی طور پر یہ بیان کرنا دلچسپ ہو گا کہ وہ فلم یا ٹی و ی ڈائریکٹر جو قتل کی وارداتوں کو تفریح کے لیئے سکریں پر فلم یا ڈارامے کے طور پر پیش کرتے ہیں وہ نیپچونی ہوتے ہیں مثلا ریان مرفی جس نے امریکن ہارر سٹوری نام کی ٹی وی سیریز تخلیق کی اس کے پیدائشی زائچے میں سورج نیپچون سے عقرب میں قران ہے ۔
یورینس
یورینین ٹائپ سیریل کلرز عام طور وہ ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو معاشرے میں مس فٹ اور دھتکارا ہوا محسوس کرتے ہیں ۔ وہ عام رومرہ کی زندگی کو یکدم تیاگ کر ایک سو اسی درجے کا یوٹرن لیتے ہوئے سیریل کلنگ کو اپنا لیتے ہیں ۔ یورینس ان لوگوں کے چارٹ میں بہت زیادہ نمایاں ہوتا ہے جو اپنے شکار پر بی ڈی ایس ایم (بانڈیج ، ڈسپلن ، سادیت ، ماسوکزم یعنی جسمانی یا جذباتی اذیت سے محظوظ ہونے کی عادت) آزماتے ہیں اور اس کا تعلق قتلِ اطفال ، بچہ بازی اور جنسی بردہ فروشی سے ہے یعنی ممنوعات شرعیہ (ٹیبو) کا تعلق صرف پلوٹو سے ہی نہیں ہوتا ۔
یورینس کا تعلق اکا دکا ،دھماکا خیز اور اچانک ہونے والے جرائم سے ہے جن کا دفاع ،وکیل لمحاتی اشتعال و پاگل پن ثابت کرنے کی کوشش کر کے کرتے ہیں ( اگرچہ استحصال کے خلاف برسوں بھاپ کی طرح جمع ہونے والے جذبات کا پریشر ککر کی طرح جارحانہ انداز میں پھٹ پڑنا مریخ یا پلوٹو سے زیادہ متعلق ہے) ۔ اپنے شکار کو درد سے دوچار کرنے یا صدمہ پہنچانے سے سے لذت کشید کرنا بھی ہو سکتا ہے ۔ یورینس کا تعلق جنونی ڈپریشن رویے سے ہے اس کے علاوہ ایک بالکل خالص سماج ، ایک آقائی نسل (ماسٹر ریس)پیدا کرنے کی چاہ یا پھر سادہ پرفیکٹ کرائم انجام دینے سے بھی ہے ۔
امریکی کلٹ لیڈر چارلس مینسن جس کے پیروکاروں نے اس کی ہدایات پر ظالمانہ قتل انجام دیے
زائچہ چارلس مینسن
ایک دلچسپ مثال ہے کہ کس طرح چارٹ میں چند بنیادی خصوصیات اکٹھی ہو گئیں ۔
عطارد مشتری سے نقطہ غارب پہ عقرب سے قران ہے ( مسیحانہ کلٹ لیڈر اپنے معتقدین پہ سحر انگیز اثر رکھنے والا) ۔
ساتویں گھر برج عقرب میں سورج زہرہ قران جو عاشر کے حاکم برج دلو میں موجود زحل سے تربیع میں( ناکام و خطاکار معاشرے کا دھتکارا ہوا جو غیر معذرت خواہانہ اور اور سازشی انداز میں اینٹی اسٹیبلشمنٹ بنا ) ۔
یورینس طالع میں عطارد کے مقابل ( ایک غیر مقلد جس کے نظریات کا مقصد انقلاب برپا کرنا تھا)
پانچویں گھر مریخ بہت قرب سے نیپچون کے ساتھ قران میں (ایک ناکام موسیقار جس نے معاشرے کے بے روح افراد کو اپنی تعلیمات سے متاثر عقیدہ کیا)
چند آخری مشاہدات
لیکن زحل سے متعلق کیا ؟ ۔
زحل ان قاتلوں کے چارٹ میں نمایاں تھا جو یاسیت بھرے ، تنہائی پسند زحلی طبع رکھتے تھے ( جیسے ڈینس نیلسن جس نے قربت و رفاقت کی خاطر قتل کیئے جس کا چاند -زحل عاشر پر سرطان میں تھا ) یا پھر وہ قاتل جو بچپن میں محبت وپیسے کی کمی کا شکار رہے یا ان کے اوپر ماں باپ کی توقعات کا بوجھ زیادہ تھا یا کڑی پابندیاں عائد تھیں ۔ کچھ زحلی ٹائپ وہ بھی تھے جو روز آخرت (قیامت) کے خوف میں مبتلا تھے ۔
لیکن بہت سے سیریل کلرز کے چارٹس میں زحل سے کوئی نظرات نہ تھیں یا کمزور حالت میں تھا جس سے ہم نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ چارٹ میں اگر زحل اہم پوزیشن پہ ہو تو وہ حامل کے اندر اخلاقیات کو زندہ رکھتا ہے جو اسے قتل جیسے گھناونے جرم سے باز رکھتی ہے، تقریبا ہمیشہ ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭ اس مضمون کے مصنف فرینک کلیفورڈ لندن سکول آف آسٹرالوجی میں پڑھاتے ہیں اور آسٹرالوجی و دست شناسی پر کئی کتب کے مصنف ہیں ۔ ان کا یہ مضمون بزبان فرنگ سب سے پہلے موقر آسٹرالوجی جریدے "دی ماونٹین آسٹرالوجر "میں چھپا اور اس کے بند ہونے کے بعد فرینک نے مفاد عامہ کے لیئے اسے اپنی ویب سائٹ پر مفت دستیاب کر دیا ۔ مترجم نے شائقین نجوم کی دلچسپی کی خاطر اسے اردو کا جامہ پہنایا ہے ۔

تبصرے

  1. آپ واحد شخص ہیں جس نے بلاگ پہ مضمون پڑھ کر کمنٹ کیا ہے جس سے آپ کی دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے ۔ اس کے لیئے مشکور ہوں

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ادھی یوگ ۔ Adhi-Yoga

پری ورتن یوگ

شادی شدہ زندگی کا تعین - طلاق کے قواعد

سوریا منگل یوگ ۔ Surya Mangla Yoga