بندھن یوگ
جوتش میں چند وضع فلکی قید و بند کا فلکی اشارہ ہیں۔ انھیں بندھن یا بندھ یوگ کہا جاتا ہے۔ ان میں ایک معروف بندھن یوگ کی تشکیل مخصوص گھروں میں بیک وقت سیارگان کے قبضے سے پیدا ہوتی ہے۔ پاراشری مکتب فکر کے علاوہ، یہ یوگ "جیمنی سوتر" میں بھی درج ہے۔
مذکورہ بندھن یوگ کی تشکیل مندرجہ ذیل پانچ صورتوں میں ممکن ہے۔
دوسرا گھر اور بارھواں گھر – اگر ان دونوں گھروں میں مساوی تعداد یا مساوی قوت و ضعف کے سیارے بیٹھے ہوں، تو بندھن یوگ بنتا ہے۔
نواں گھر اور پانچواں گھر – اگر ان دونوں گھروں میں مساوی تعداد یا مساوی قوت و ضعف کے سیارے بیٹھے ہوں، تو بندھن یوگ بنتا ہے۔
چھٹا گھر اور بارھواں گھر – اگر ان دونوں گھروں میں مساوی تعداد یا مساوی قوت و ضعف کے سیارے بیٹھے ہوں، تو بندھن یوگ بنتا ہے۔
تیسرا گھر اور گیارھواں گھر – اگر ان دونوں گھروں میں مساوی تعداد یا مساوی قوت و ضعف کے سیارے بیٹھے ہوں، تو بندھن یوگ بنتا ہے۔
چوتھا گھر اور دسواں گھر – اگر ان دونوں گھروں میں مساوی تعداد یا مساوی قوت و ضعف کے سیارے بیٹھے ہوں، تو بندھن یوگ بنتا ہے۔
مندرجہ بالا توام بیوت (گھروں کی جوڑیاں)، ترتیبِ نزولی کے اعتبار سے قوی ہیں۔
بندھن یوگ کی ایک اور وضع فلکی بی وی رامن کے مطابق جب لگن اور چھٹے کا مالک کیندر یا ترکون میں شنی ، راہو یا کیتو کے ساتھ ہوں تو بھی یہ یوگ بنتا ہے
٭ ٭ ٭
بندھن یوگ کی بنیادی شرط گرہ سماے یعنی مساوی تعداد یا مساوی قوت-ضعف کے ہم پلہ سیارگان
ہیں۔ اس کا ایک اور تشریحی مفہوم یکساں نوعیت کے سیارگان بھی ہوسکتے ہیں۔ جیسے دونوں نیرین (پرکاش گرہ)، دونوں نحسین (پاپ گرہ)، دونوں مارک گرہ، دونوں عقدتین (چھایا گرہ) یا ان سے سمبندھی سیارگان وغیرہ۔
![]() |
| آصف زرداری کا بندھن یوگ |
ہیں۔ اس کا ایک اور تشریحی مفہوم یکساں نوعیت کے سیارگان بھی ہوسکتے ہیں۔ جیسے دونوں نیرین (پرکاش گرہ)، دونوں نحسین (پاپ گرہ)، دونوں مارک گرہ، دونوں عقدتین (چھایا گرہ) یا ان سے سمبندھی سیارگان وغیرہ۔
یکساں تعداد، قوت یا نوعیت کے سیارگان ایسے ہیں، گویا دائیں بائیں یا آگے پیچھے دو سپاہی گرفتار کرنے آن پہنچے ہوں۔ مساوی تعداد یا مساوی بل/نِربل کی مثالیں کچھ یوں ہوسکتی ہیں۔
مثلاً اگر بارھویں گھر میں صرف ایک سیارہ اپنی دشمن کی راشی میں بیٹھا ہے، تو دوسرے گھر میں بھی صرف ایک سیارہ اپنے دشمن کی راشی میں بیٹھا ہو۔
مثلاً اگر نویں گھر میں ہبوط کا ایک سیارہ ہو، تو پانچویں گھر میں بھی ہبوط کا ایک سیارہ بیٹھا ہو۔
مثلاً اگر چھٹے گھر میں دو نحس سیارے ہوں، تو بارھویں گھر میں بھی دو ہم پلہ نحس سیارے قابض ہوں۔
٭ ٭ ٭
بعض ماخذوں میں سعد و نحس کی تفریق کے بغیر صرف قبضہ کو کافی کہا گیا ہے۔ جبکہ بعض تشریحات میں نحس سیارگان کا اشارہ ہے۔ وی-ایس شاستری اور بی-ایس راؤ کے مطابق اگر بندھن یوگ بنانے والے سیارگان خود سعد ہوں، تو قید و بند کی صرف صورتحال یا اندیشہ جنم لیتا ہے، حقیقتاً قید کی نوبت نہیں آتی (یا کوئی مدد آن پہنچتی ہے)۔ تاہم اگر بندھن یوگ بنانے والے سیارگان خود نحس ہوں، تو (ان کی دَشا-انتردَشا میں) مولود کو قیدخانہ کی ہوا کھانی پڑتی ہے۔
٭ ٭ ٭
بندھن کا لغوی معنی باندھنا یا بندھا ہوا ہونا ہے۔ یہاں اصلاحاً مراد قید و بند ہے۔ اگرچہ شادی بھی ایک طرح کا بندھن ہے، لیکن ویواہ بندھن، خانہ آبادی والی قیدِ حیات ہے۔ زیرغور بندھن یوگ کا شادی سے تعلق نہیں۔ بندھن سے یہاں مراد قید و بند اور جیل جانا ہی ہے۔
راقم کے مشاہدہ کے مطابق، لگنیش (یعنی لگن کا مالک) اور چندریش (چندر راس کا مالک) اگر اچھے گھروں میں اور اچھی نظر کے ماتحت ہوں، تو بندھن یوگ موجود ہونے کے باوجود تکلیف دہ قید و بند کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ کیونکہ لگنیش اور چندریش کی قوت، بہت سے نحس یوگوں اور دوشوں کی خرابی زائل کردیتی ہے۔
بندھن یوگ کے اطلاق کی بابت "دیش-کال-پاتر" کے استثنا کو بھی مدِنظر رکھنا چاہیے۔ شہری زندگی اور نئے دور کے پیرائے میں جیل کی قید کے علاوہ بندھن کی دیگر صورتحال بھی ممکن ہیں۔ جیسے طویل بیماری کی صورت میں اسپتال میں داخلہ؛ نفسیاتی الجھن کا شکار ہو کر خودساختہ تنہائی اختیار کرلینا؛ کسی سخت گیر مذہبی گھرانے کی شدید روک ٹوک، یا سسرالی پابندیاں اور گھر سے باہر جانے پر قدغن؛ جبری محنت مشقت پر مجبور ہونا؛ اغوا ہوکر دشمن یا ڈاکوؤں کے نرخے میں چلے جانا؛ طوعاً کرہاً جَلاوطنی؛ سرکاری نظربندی یا ضمانت کے باعث آزادنہ نقل و حرکت پر پابندی وغیرہ۔
نوٹ: جوتش کے ماخذوں میں مذکورہ بالا بندھن یوگ کے علاوہ، دیگر بندھن یوگ بھی موجود ہیں، جو قید و بند پر دلالت کرتے ہیں۔ ان کی وضاحت کسی اور موقع پر پیش کروں گا۔ سردست، اِس معروف بندھن یوگ کو سمجھنے کی سعی کی جائے۔
© محمد عمران

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں