ویدک نجوم میں کیندر کے گھر وں کی اہمیت اور اثرات
کسی بھی تہذیب کے علم نجوم کو حقیقی طور پر سمجھنے کے لیئے اس کے بنیادی فلسفے کو سمجھنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ اس کے نجوم کی تراکیب اور اصطلاحات اسی بنیادی فلسفے سے گندھی ہوتی ہیں۔ جیسے چینی نجوم میں یِن او ر یانگ ، ووشنگ کا تصور اور چینی علم الاصنام وغیرہ۔ اسی طرح ویدک نجوم میں زائچے کے گھروں کی درجہ بندی کا فلسفہ بھی ہے جنہیں مختلف اقسام میں بیان کیا گیا ہے
ہندومت کے فلسفے "پرش ارتھ" (انسانی مقاصد) میں کسی بھی انسانی زندگی کے اس دنیا میں چار بڑے مقاصد بیان کیئے گئے ہیں جنہیں ہندی الفاظ دھرم ، ارتھ ، کام اور موکش کے نام سے جانا جاتا ہے۔
دھرم ( یعنی ڈیوٹی)۔: وہ عمومی انسانی رویہ جو کائنات کو بنانے اور چلانے والی عظیم ہستی کی بھیجی گئی اقدار کے مطابق ہو ، اس دنیا کے منظم انداز میں چلنے ، بھائی چارےاور عمومی بھلائی میں مددگار ہو۔ اس میں مذہبی ، اخلاقی اور ملکی قوانین کی پابندی شامل ہے ۔
ارتھ ۔: اس دنیا میں عملی زندگی گذارنے کے لیئے درکار مادی وسائل اور سرگرمی جو کسی انسان کو اپنی زندگی کے ارفع مقاصد کے حصول میں مدد فراہم کر سکیں ۔ اس میں دولت ، کیرئر ، محنت معاشی سرگرمی ، مالی تحفظ اور مادی خوشحالی شامل ہیں ۔
کام ۔: خواہش ، تمنا ، جذبہ ، دھرم کے اندر رہتے ہوئے حسی لذات ، زندگی کے جمالیاتی اور کام دہن کےپہلووں کی تسکین جس کے دوران ارتھ اور موکش کے اصولوں کی خلاف ورزی نہ ہو ۔
موکش ۔: اس کا مطلب ہے مادی اور نفسانی لذات و خواہشات سے بلند ہونا ، اپنے نفس کی پہچان کر کے روحانی ترفع و نروان حاصل کر کے انسانی زندگی کے سب سےاعلی ترین مقصد کو پورا کرنا۔
ان سب میں دھرم کا درجہ سب سے اولی ہے ۔ اگر دھرم کو نظر انداز کر کے وسائل کے ذریعے خواہشات کی تکمیل کی جائے تو انسانی اور معاشرتی زندگی میں بگاڑ پیدا ہو جاتا ہے ۔
پانچویں صدی کے بڑے جوتشی وارامہیرا کا قول ہے کہ زندگی ایک سمندر ہے اور اسے عبور کرنے کے لیئے زائچے سے بہتر کوئی کشتی نہیں ہے ۔ یعنی اپنے زائچے سے
رہنمائی حاصل کر کے انسان مشکلات کی پیش بندی کر سکتا ہے ، اپنے قدرتی پیشے کا تعین ، اپنی کمزوریوں کا ادراک اور مثبت صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں رہنمائی حاصل کر سکتا ہے ۔مندرجہ ذیل تحریر زائچے کے کیندر گھروں پر مرکوز ہے ۔
کیندر کے چاروں گھرچار ستونوں کی مانند ہیں، یہ وہ بنیادی پتھر ہیں جن پر پورا زائچہ کھڑا ہوتاہے۔ اگر زائچے کو ایک مکان تصور کر لیا جائے، تو کمزور بنیادیں ایک متزلزل گھر کا سبب بن سکتی ہے. زندگی کی تمام کامیابیاں چار کیندر گھروں جڑی ہوئی ہیں۔ یہ وہ محور ہیں جس کے گرد سارے گھر گھومتے ہیں۔
لگن یعنی خانہ اول ،دھرم گھروں یعنی 1–5–9۔ کا محور ہے ،چوتھا گھر موکش گھر وں یعنی 4–8-12 کا محور ہے ۔ ساتواں گھر کام گھروں یعنی 3–7–11 کا محور ہے دسواں گھر ارتھ گھر وں یعنی 2–6-10کا محور ہے ۔ اس طرح یہ چار کیندر گھرزندگی کی چار اہم سمتوں یعنی دھرم، ارتھ، کام ، موکش کو چلاتے ہیں۔ سب سے مضبوط کیندر (اور اس کا ترکون) حامل کی زندگی کی سب سے مضبوط سمت کا تعین کرتا ہے۔
کیندر ترکون سمبندھ۔: حکیم پراشرا کے مطابق، درج ذیل صورتوں میں زائچہ میں مضبوط راج یوگ کا سبب بنتا ہے، یعنی کامیابی، اعلی مقام، اختیار، طاقت اور اثر و رسوخ کے ساتھ ساتھ دولت اور خوشحالی حاصل کرنے کی طاقت کا اشارہ بنتا ہے۔
کیندر اور ترکون کے حاکم کے درمیان پری ورتن،
کیندر میں کیندر اور ترکون کے حاکم کے درمیان سمبندھ
ترکون میں کیندر اور ترکون کے حاکم کے درمیان سمبندھ،
ترکون میں کیندر کے حاکم کا موجود ہونا،
کیندر میں ترکون کےحاکم کا موجود ہونا،
کیندر اور ترکون کے حاکمان کا کسی اور گھر میں سمبندھ۔
۔ یوگ کارک: حکیم پراشرا کے مطابق، کیندر اور ترکون دونوں پر حکمرانی کرنے والا سیارہ یوگ کارک بن جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیارہ اکیلے ہی بڑی طاقت کا حامل ہوجاتا ہے۔ اثر و رسوخ، دولت اور خوشحالی عطا کر سکتا ہے۔ تاہم، سیارہ کو کسی کیندر یا ترکون میں ہوناچاہئے تاکہ یہ صحیح معنوں میں مؤثر ہو۔
۔ کیندرادھی پتی دوش: جب ایک سعد سیارہ یعنی مشتری (جیوپیٹر)، زہرہ (وینس)، عطارد (مرکری)اورروشن چندر کیندر کے حاکم ہوتے ہیں تو وہ اپنی سعادت کھو دیتے ہیں، جسے کیندرادھی پتی دوش کے نام سے جانا جاتا ہے۔ برھت پراشرا ہورا شاستر کے مطابق، کیندرکے حاکم سعد سیارگان سے دشا میں اچھے نتائج نہیں ملتے ، جبکہ کیندر کے حاکم نحسین کے ناخوشگوار نتائج نہیں ملتے ہیں۔ ترکون کا حاکم "ہمیشہ" سعد نتائج دیتا ہے۔ زہرہ سب سے نحس بن جاتا ہے، اس کے بعد مشتری، عطارد اور چندر کا نمبر آتا ہے۔
۔ لگن کیندر: لگن بنیادی طور پر ایک کیندر ہے اور دوسرا ترکون بھی ہے، اس لیے یہ سعد ہے اور اس کا حاکم کسی بھی فرد کے زائچے میں نحس نہیں ہوتا۔
۔ کیندر بمقابلہ ترکون۔: جہاں کیندر افعال (ایکشن )کے گھر ہیں، وہیں ترکون ان افعال کے انعامات کے گھر ہیں۔ پراشرا کے مطابق، پانچواں اور نواں گھر غیر معمولی دولت سے مالا مال ہیں۔ زندگی میں کسی بھی چیز کو دو مختلف پہلوؤں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، راستہ اور منزل. حالانکہ کیندر اس راستے کی وضاحت کرتا ہے جس سے گزرنا ہے، لیکن منزل پر جو کچھ حاصل ہوتا ہے وہ ترکون کے ذریعہ دیا جاتا ہے۔ اگر کیندر مضبوط ہوں گے، تو راستہ آسان ہوگا ورنہ اس کے بالعکس۔ کسی کو اچھے نتائج سے کتنا نوازا جاتا ہے اس کا تعین ترکون کی طاقت سے ہوتا ہے۔ دھن (دوسراگھر)یا لوبھ گھر(گیارہویں) کے ساتھ ترکون کا رابطہ دولت کے حصول کےلئے سازگار نشانی ہے۔
۔ساتواں اور دسواں گھر: ہم سبھی جانتے ہیں کہ چوتھا گھر سکھ یا ذہنی خوشی کا گھر ہے۔ تاہم حکیم پراشرا کا خیال ہے کہ خوشی کے لیئے ساتویں اور دسویں گھر کو خاص طور پر دیکھنا چاہئیے۔
۔ تری شڈ آے بھاواور پرس پربھاو۔: تری شڈ آے بھاو (تیسرا ، چھٹا ، گیارہواں) کے حاکم ہمیشہ ناخوشگوار نتائج دینے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ پرس پربھاو(دوسرے، آٹھویں ، بارہویں)کے حاکمان کےاثرات ان کے دوسرے گھروں کی ملکیت پر منحصر ہیں۔
۔ گھروں کی طاقت۔: گھروں کی چار قسمیں ہیں (1) کیندر، (2) ترکون، (3) تری شڈ آے (4) پرس پر بھاو۔ ان میں سے ہر گروپ میں طاقت بڑھتی ہوئی ترتیب میں ہوگی(یعنی آخری گھر کی طاقت سب سے زیادہ ہوگی)۔ اس طرح، کیندرمیں، طاقت 1<4<7<10 کی ترتیب میں ہے۔ترکون میں یہ 5<9 کی ترتیب میں ہے۔ تری شڈ آےمیں ، یہ 3<6<11 کی ترتیب میں ہےپرس پر بھاو کی ترتیب دوسرے عوامل پر منحصر ہے
۔ گھر کی طاقت کیوں اہم ہے؟ یہ اس لیئے اہم ہے کیونکہ جب ایک سیارہ دو گھروں کا حاکم ہوگا، تو سب سے مضبوط گھرکے نتائج غالب آئیں گے۔ یہاں، حکیم پراشرا کے مطابق غالب گھر دوسرے گھر کے اثرات پر حاوی ہو جائے گا اور غالب گھر کے اثرات دے گا ۔غلبے کے لحاظ سے تری شڈ آےسب سے زیادہ مضبوط ہیں ، اس کے بعد کیندر ، ترکون اور پھر پرس پر بھاوہیں ۔ لہٰذا، جب کوئی سیارہ تری شڈ آے کا حاکم ہوتا ہے، تو یہ ہمیشہ نحس نتائج دیتا ہے، چاہے وہ کیندر ہو یا ترکون حاکم۔
۔ آٹھویں گھر کامعاملہ: آٹھویں گھر کو اس لیئے نحس تصور کیا جاتا ہےکیونکہ یہ دھرم کے نویں گھر سے بارہویں ہونے کے نقصان کی نمائندگی کرتا ہے۔ اور کوئی بھی چیز جو دھرم کے تئیں مثبت نہیں ہے، وہ مبارک نہیں ہو سکتی۔ حکیم پراشرا کے مطابق آٹھویں گھر کا حاکم بیک وقت تری شڈ آے کا حاکم بھی ہوتو یہ واقعی نقصان دہ بن جاتا ہے۔ تاہم، جب یہ ترکون پر حکمرانی کرتا ہے تو یہ سعد اثرات دیتاہے کیونکہ ترکون کے حاکم ہمیشہ سعد ہوتے ہیں، جب تک کہ وہ تری شڈ آے گھر کے شریک حاکم نہ ہوں۔
۔ سوریہ اور چندر کی آٹھویں گھر کی ملکیت ۔: حکیم پراشرا کے مطابق، آٹھویں کے لیئے سوریہ اور چندر کی حاکمیت بری نہیں ہے۔ آٹھویں کا حاکم سیارہ کسی راج یوگ میں ٹوٹ کا باعث ہو سکتا ہے کیونکہ وہ تاریک سیارگان ہیں۔ تاہم سوریہ اور چندرکو اس مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ روشن ہیں۔ لہٰذا جب وہ یوگ کارک کے ساتھ جڑتے ہیں، تو وہ راج یوگ کو نہیں توڑتے، بلکہ اسے مضبوط بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ سوریہ اور چندر آٹھویں کےحاکم ہونے کے ناطے دوسرے بھاووں کو اپنی بیٹھک اور نظرات سے نقصان نہیں پہنچاتے ہیں۔
۔کیندر کے حاکم نحس سیارگان: جب ایک نحس سیارہ کیندرادھی پتی بن جاتا ہے تو وہ اپنی نحوست کھو بیٹھتا ہے۔ تاہم وہ اس وقت سعد بن جاتا ہے جب وہ بیک وقت ترکون کا حاکم بھی ہوتا ہے۔ یہ سوریہ پر لاگو نہیں ہوتا، جو صرف ایک گھر کا حاکم ہے۔
۔ تری شڈ آےکے حاکم راج یوگ کو خراب کرتے ہیں۔: جب کیندر اور ترکون کے حاکم سمبندھ میں ہوتے ہیں، تو وہ حقیقی راج یوگ کو جنم دیتے ہیں تاہم، جب ان میں سے کوئی تری شڈ آےکا بھی حاکم ہوتا ہے، تو راج یوگ ختم کر دیتا ہے ۔ مثال کے طور پر حمل لگن کے لیے مشتری اور شنی کا سمبندھ راج یوگ کا سبب نہیں بنتا، کیوں کہ شنی گیارہویں گھر کا حاکم بھی ہے۔
۔کیندر کا حاکم اپنے گھر میں ۔: کیندر کا حاکم اپنے گھر میں ہو تو نتائج سعد ہوتے ہیں کیونکہ یہ حالت پنچ مہا پرش یوگ بنانے میں مددگار ہوتی ہے تاہم یوگ اسی صورت میں موثر ہوتا ہے جب سیارہ دگ بل میں ہو یعنی مشتری اور عطارد لگن میں ، زہرہ اور چندر چوتھے گھر ،شنی ساتویں گھر اور مریخ یا سوریا دسویں گھر میں ہو ۔
۔ کیندر کا حاکم ترکون میں: یہ ایک کیندرادھی پتی کی بہترین پوزیشن ہے کیونکہ یہ مبارک اور اچھی قسمت کی نشانی ہے۔
۔ ایک کیندر کا حاکم دوسرے کیندر گھر میں: جب کیندرادھی پتی (لگن کے علاوہ) کسی دوسرے کیندر میں براجمان ہوتے ہیں، تو کامیابی دینے کی ان کی طاقت محدود ہوتی ہے۔ لگن میں ان کی جگہ ہمیشہ مثبت ہوتی ہے، کیوں کہ لگن ایک توکیندر اور دوسرا ترکون دونوں ہے۔
۔ کیندر کے حاکم کا دشتنا گھر (چھے ، آٹھ ، بارہ)میں ہونا ۔: یہ ایک انتہائی نحس پوزیشن ہے اور زندگی میں بہت سی رکاوٹوں کا سبب بنتی ہے۔ لیکن اگر ترکون کے حاکم سے سمبندھ ہے تو نحوست ختم ہو جاتی ہے۔ لیکن کیندر یا ترکون گھرمیں بننے والے یوگ کے مقابلے میں اس کیندر-ترکون یوگ کا اثر بہت کم ہوتا ہے۔ دوسری طرف، اگر کیندر کا حاکم کسی دشتنا کے حاکم سے دشتنا گھر میں سمبندھ بناتے ہیں ، تو یہ یقینی طور پر اس کیندر گھرکے لیے نحوست کا سبب بنے گا، بلکہ اس ترکون پر بھی اثر ڈالے گا جس سے یہ کیندر متصل ہے۔ پریشانیوں کی نوعیت کو اس طرح قبضہ شدہ دشتنا گھرسے دیکھا جا سکتا ہے یعنی چھٹا = تصادم اور دشمنی، آٹھویں = اچانک حادثات اور آفات، بارہویں = نقصانات۔
20۔ ترکون کا حاکم۔: ترکون کے ایک گھر کا مالک اگر دوسرے ترکون گھر میں ہو تو اس کا اثر کم ہو جاتا ہے۔ ترکون کا حاکم کیندر میں زیادہ پُر اثر ہوتا ہے ۔ اگر یہ کسی دشتنا گھر میں جا براجمان ہو تو زندگی میں پریشانی اور جدوجہد کی علامت ہے۔ اگر وہ کسی دشتنا کے حاکم سے دشتنا گھر میں سمبندھ کرے تو مصیبت زیادہ ہو جاتی ہے۔ تاہم اگر ترکون کا حاکم کسی کیندر کے حاکم سے دشتنا گھر میں سمبندھ بنائے تو مصائب سے نجات کی علامت ہے اور اگر ان پر کوئی سعد نظر بھی ہو تو اثر بڑھ جاتا ہے ۔
۔ تری شڈ آے کے حاکمان: تیسرا گھر آٹھویں گھر کا آٹھواں ہے، اس لیے یہ آٹھویں کی طرح برتاؤ کرتا ہے۔ اسی طرح گیارہویں کا آٹھواں چھٹا گھر ہے اور بارہویں کا بارہواں گھر ہے ۔ ونشوتری دشا میں ان کا دورانیہ ہمیشہ مشکلات لےکر آتا ہے۔
۔کیندر کا حاکم جب تری شڈ آے کا حاکم بھی ہو تو اپنی سعادت کھو دیتا ہے لیکن جب ترکون کا حاکم تری شڈ آے کا حاکم بھی ہو تو اس کی سعادت کھونے کے متعلق مختلف حکماء میں اختلاف پایا جاتا ہے کہ کس قدر سعادت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ لگھو پاراشری کے مطابق ایسا ترکون کا حاکم کمزور ہو جاتا ہے ۔
۔کیندر کا سعد حاکم جب کسی مارک استھان( دو ، سات) میں جاتا ہے تو وہ طاقتور مارک میں تبدیل ہو جاتا ہے تاہم کیندر کانحس حاکم اس طریق طاقتور نہیں بنتا ۔
۔ہر لگن کے لیئے کیندر کے چار گھروں کے حاکمان میں سے دو لگن کے موافق ہوتے ہیں اور دو ناموافق ۔لگن کا حاکم ہمیشہ موافق ہوتا ہے اور ساتویں کا حاکم ناموافق ۔ چوتھے کا حاکم طاق بروج کے لگن کے لیئے موافق ہوتا ہے اور دسویں کا حاکم جفت بروج کے لگن کے موافق ہوتا ہے۔
۔کیندر کا کوئی گھر اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب اس میں سعد سیارگان حالت شرف میں براجمان ہوں اور اس وقت کمزور ہوتا ہے جب اس میں نحسین بیٹھے ہوں ۔نحسین اگر حالت شرف میں ہوں تو کیندر کو مضبوط بناتے ہیں لیکن جدوجہد اور تکلیف کے بعد کامیابی کا اشارہ دیتے ہیں ۔ سعد یا نحس سیارہ اگر کمزور حالت میں کیندر میں ہو تو اسے نقصان پہنچاتے ہیں لیکن نحسین اگر یہاں نیچ کی حالت میں ہوں تو سب سے زیادہ نقصان دیتے ہیں ۔
اس تحریرمیں گھروں سے متعلق نکات کا غالب حصہ میڈیم ویب سائٹ پہ موجود ایک مضمون سے لیا گیا ہے ہندی اصطلاحات کو حتی الامکان اردو میں ترجمہ کر دیا گیا ہے۔ سادگی اورعبارت کو رواں رکھنے کی خاطر حوالہ جات منہا کر دیے گئے ہیں تاہم تمام حوالہ جات برہت پراشرا ہورا شاستر سے ہیں

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں